حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ملک کی سلامتی کو یقینی بنائے :شاکر پٹنی
ممبئی، 30؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سرجیکل حملہ اوڑی حملہ کا جواب ہے ۔ہم اس معاملہ میں حکومت کے ساتھ ہیں ۔یہ وقت مخالفت کا نہیں بلکہ ملک کی بقا سلامتی اور عوامی تحفظ کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے نیز اپنی اخلاقی حمایت دینے کا ہے ۔یہ باتیں آج میڈیا کے لئے جاری بیان میں مجلس اتحاد المسلمین ممبئی کے صدر عبد الرحمن شاکر پٹنی نے کہی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ملک کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے اور سرجیکل اسٹرائیک کرکے ہماری فوج نے یہی فرض انجام دیا ہے جس کے لئے انہیں مبارکباد دیا جانا چاہئے اور ہم حکومت کے اقدام اور فوجیوں کی جرات مندانہ قدم کے لئے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ شاکر پٹنی نے کہا اوڑی دہشت گردانہ حملہ کا یہ منھ توڑ جواب تو ہے لیکن ہمیں ایسے حملوں کے لئے ایسے اقدام کرنے چاہئیں کہ مستقبل میں اسے انجام دینے کے لئے دشمنوں کو دس بار سوچنا پڑے۔شاکر پٹنی کے مطابق سرجیکل اسٹرائیک طویل مدتی حل نہیں ہے اور نہ ہی اسے بار بار انجام دیا جاسکتا ہے ۔اس لئے ضروری ہے کہ اوڑی جیسے حملوں سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور دشمنوں کے برے ارادوں کو ناکام بنایا جائے ۔جنگ جہاں تک ممکن ہو ٹلتی رہے تو بہتر ہے کیوں کہ اس سے معصوم انسانی جانوں کا بھی ضیاع ہو تا ہے ۔شاکر پٹنی نے کہا یہ ایک اچھی بات ہے کہ پورا حزب اختلاف حکومت کے ساتھ ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ ملک کی سلامتی سے جڑا معاملہ ہے ۔اگر ہم بعض یا اکثر معاملات میں حکومت پر تنقید بھی کرتے ہیں تو اس کے پیچھے بھی ملک کی ترقی اور بقا ہی کے لئے ہماری فکرمندی ہوتی ہے ۔اس لئے ہم ہر ان معاملات اور اقدام میں حکومت کے ساتھ ہیں جس سے ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے ۔